السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسٸلہ کے بارے میں کہ زید نماز ادا کررہا ہے اور بکر زیدکے آگے سے گزر گیا اور جب بکر کو کہا گیا نمازی کے آگے سے گزرنا بہت بڑا گناہ ہے تواس پر بکر کہتا تین صف کی دوری پرسے گزر سکتے ہیں کیا بکر کا کہنا درست ہے اور یہ بھی بتاٸیں کتنی دوری پرسے نمازی کے آگے سے گزرنا چاہیے
جواب سے نوازیں کرم ہوگا"
ساٸل: جاوید عالم رضوی دربھنگہ بہار

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
بکر کا یہ کہنا کہ تین صف کی دوری سے گزر سکتے ہیں یہ بالکل غلط ہے,
لہذا یاد رکھیں کہ نمازی کے سامنے سے گزرنا ہر گز جائز نہیں کہ اس میں بہت سخت گناہ ہے
حدیث شریف میں ہے 
(لو یعلم المار بین یدی المصلی ماذا علیہ لکان ان یقف اربعین خیرالہ من ان یمر بین یدیہ قال ابو النضر لا ادری قال اربعین یوما او شھرا او سنۃ "اھ)
یعنی اگر نمازی کے سامنے سے گزرنے والا یہ جان لیتا کہ اس میں کتنا گناہ ہے تو چالیس تک کھڑے رہنے کو گزرنے سے بہتر جانتا - راوی کہتے ہیں کہ میں نہیں جانتا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے چالیس دن فرمایا کہ چالیس مہینے یا چالیس برس ,
( مسلم شریف "جلد اول" صفحہ نمبر" 197)
اب رہی بات کہ کتنی دوری سے نمازی کے آگے سے گزر سکتا ہے تو اس کے جواب میں سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تحریر فرماتے ہیں کہ نمازی نماز اگر مکان یا چھوٹی مسجد میں پڑھتا ہو تو دیوار قبلہ تک نکلنا جائز نہیں جب تک بیچ میں آڑ نہ ہو اور صحرا یا بڑی مسجد میں پڑھتا ہو تو صرف موضع سجود تک نکلنے کی اجازت نہیں اس سے باہر نکل سکتا ہے- موضع سجود کے یہ معنیٰ ہے کہ آدمی جب قیام میں اہل خشوع و خضوع کی طرح اپنی نگاہ خاص جاۓ سجود پر جماۓ یعنی جہاں سجدے میں اس کی پیشانی ہوگی تو نگاہ کا قاعدہ ہے کہ جب سامنے روک نہ ہو تو جہاں جماۓ وہاں سے کچھ آگے بڑھتی ہے جہاں تک آگے بڑھ کر جاۓ وہ سب موضع سجود میں ہے اس کے اندر نکلنا حرام ہے اور اس سے باہر جائز "اھ
( فتاویٰ رضویہ شریف"جلد سوم "صفحہ نمبر "401)
لہذا مذکورہ حوالہ جات سے یہ صاف ظاہر و باہر ہوگیا کہ اگر مکان یا چھوٹی مسجد میں نماز پڑھ رہا ہے تو دیوار قبلہ تک مصلی کے سامنے سے آدمی نہیں گزر سکتا البتہ اگر درمیان میں کچھ حائل ہو تو گزر سکتا ہے - اور اگر صحرا یا مسجد میں بلا سترہ نماز پڑھ رہا ہے تو سجدے کی جگہ کے آگے سے گزر سکتا ہے اس کے اندر سے گزرنا حرام ہے "
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
محمد آفتاب عالم رحمتی مصباحی دہلوی  
•─────────────────────•
   (محفل غلامان مصطفیٰﷺ گروپ)
•─────────────────────•