السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ اگر کسی شخص نے منت مانگی کہ اس کی مراد پوری ہو جائیں تو وہ مزار پر چادر چرائے گا تو اس کی مراد پوری ہو گئی دعا اور مزار پر چادر چڑھی ہوئی ہو تو کیا وہ زیادہ کے پیسوں سے مدرسہ کے طالب علم کو کتابیں دے سکتا ہے یا پھر مدرسے کی تعمیر کے لئے چادر والے پیسے دے سکتا ہے
سائل؛ حافظ اکرم حسین ضلع علی گڑھ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک والوہاب
اگر کسی شخص نے مزار شریف پر چادر چڑھانے کی منت مانی تو اسکو پورا کرنا واجب نہیں، کہ یہ منت، منتِ شرعی نہیں بلکہ منتِ عرفی ہے، اور منت عرفی کو پورا کرنا ضروری بھی نہیں، کرے تو بہتر ہے نہ کر سکے تو کوئی حرج نہیں
البتہ شخص مذکور کی مراد پوری ہوجانے پر وہ مزار پر چادر چڑھانے کے بجائے اس رقم سے مدرسہ میں بچوں کو کتابیں بھی دے سکتا ہے، یا پھر کسی بھی کار خیر میں صرف کرسکتا ہے، وہ ثواب کا مستحق ہوگا اسلیے کہ صحت سوال سے ظاہر ہے کہ مزار مقدس پر پہلے سے ہی چادر موجود ہے تو اب مزید چادر چڑھانے کی کوئ ضرورت نہیں، بلکہ اس رقم کو صاحب مزار کے نام پر کسی کار خیر میں صرف کردیں یا کسی غریب، مسکین، وغیرہ کو دے دیں تو زیادہ بہترہے؛
جیساکہ حضور صدرالشریعہ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں؛ مسجد میں چراغ جلانے یا طاق بھرنے یا فلاں بزرگ کے مزار پر چادر چڑھانے یا گیارھویں کی نیاز دِلانے یا غوث اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کا توشہ یا شاہ عبدالحق رضی اللہ تعا لٰی عنہ کا توشہ کرنے یا حضرت جلال بخاری کا کونڈا کرنے یا محرم کی نیاز یا شربت یا سبیل لگانے یا میلاد شریف کرنے کی منّت مانی تویہ شرعی منّت نہیں، اور اس کا ادا کرنا ضروری بھی نہیں، کرے تو اچھا ہے؛ (بہارشریعت، حصہ نہم، صفحہ ۳۲۰ منت کا بیان)
اور احکام شریعت، میں ہے؛ مزار پر جب چادر موجود ہو خراب نہ ہوئی ہو بدلنے کی حاجت بھی نہیں تو مزید چادر چڑھانا فضول ہے، بلکہ جو دام (رقم) اس میں صرف کریں اللہ کے ولی کو ایصال ثواب کرنے کے لئے کسی محتاج کو دیے دیں تو زیادہ بہترہے (حصہ اول، صفحہ ۸۹)
نوٹ،، آجکل بعض لوگ یہ سمجھ لیتے ہیں کہ اس منت کا پورا کرنا بالکل ضروری ہے،، اگر نہ کیا جائے تو فلاں کام بگڑ جائے گا یا کوئ دیگر پریشانی آجائے گی، یا کوئی اور نقصان ہوجائے گا، تو ایسے خیالات بالکل غلط ہیں، جیساکہ بہار شریعت وغیرہ کی عبارتوں سے بالکل صاف ظاہر ہوگیا کہ ایسی منت کا پورا کرنا کوئی ضروری نہیں ـ البتہ پورا کردے تو اچھاہے
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری گونڈوی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اس کو پڑھنے کے لیے کلک کریں⇓⇓


ہمیں فالو کریں