السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
 علمائے کرام کی بارگاہ میں عرض ہیکہ اگر کوئی نماز میں پہلے سورة الناس پڑھا پھر اسکے بعد سورۃ الم تر کیف پڑھا تو نماز ہوجاۓگی یا نہیں,
 سائل... محمد حشمت رضا بہار

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک والوہاب
مومن کی نماز میں ہے قرآن مجید الٹا پڑھنا یعنی پہلی رکعت میں بعد اولی سورت پڑھنا اور دوسری رکعت میں اس کے اوپر والی سورت پڑھنا سخت گناہ ہے مثلا پہلی رکعت میں (قل یایھا الکافرون) اور دوسری میں (الم تر کیف فعل ربک باصحاب الفیل) پڑھنا، 
الٹا قرآن مجید پڑھنے کیلئے سخت وعید آئی ہے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں جو قرآن الٹ کر پڑھتا ہے وہ کیا خوف نہیں کرتا کہ اللہ اس کا دل الٹ دے،
اگر بھول کر خلاف ترتیب الٹا پڑھا تو نہ گناہ ہے اور نہ سجدہ سہو ہے، (مومن کی نماز صفحہ 58)

فقیہ ملت علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں صورت مسئولہ میں نماز ہوگئی البتہ اگر اس نے بے ترتیبی سے سہوا پڑھا تو کچھ حرج نہیں اور قصدا پڑھا تو گنہگار ہوا، 
ردالمحتار جلد 1 صفحہ 307 میں ہے؛ یجب الترتیب فی سورہ القرآن فلوقرا منکوسا اثم لکن لا یلزمہ سجود السہولا ن ذلک من واجبات القرائتہ لامن واجبات الصلاۃ کما ذکرہ فی البحر فی باب السہو
اور خلاف ترتیب پڑھنے کے بعد اگر کسی نے لقمہ دیدیا تو اس کا لقمہ دینا اور امام کا اسے قبول کرنا جائز نہیں کہ امام کو اوپر والی سورت شروع کر نے کے بعد اسی کو پورا کرنے کا حکم ہے اسے چھوڑ کر بعد والی سورت پڑھنے کی اجازت نہیں،
جیسا کہ درمختار جلد 1 صفحہ 404 میں قنیہ سے ہے
 قرافی الاولی الکافرون فی الثانیہ الم تر او تبت یدا ثم ذکر یتم اس کے تحت شامی میں خلاصہ سے ہے افتتح سورہ قصدہ سورہ آخری فلما قرا ایتہ او آیتین اراد ان یترک تلک السورہ و یفتتح التی ارادھا یکرہ اھ ایسی صورت میں لقمہ دینے والے کی نماز بے جالقمہ دینے کے سبب فاسد ہوگئی اور اگر امام نے ایسا لقمہ لے لیا تو امام کی اور اس کے ساتھ سب کی نماز خراب ہوگئی ایسا ہی، 
فتاوی رضویہ شریف جلد 3 صفحہ 413 میں ہے
اور فتاوی فقیہ ملت جلد 1 صفحہ 165 میں ہے
حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں؛ قرآن مجید الٹا پڑھنا کہ دوسری رکعت میں پہلی والی سے اوپر کی سورت پڑھے یہ مکروہ تحریمی ہے مثلا پہلی میں (قل یایھا الکافرون) پڑھی اور دوسری میں (الم تر کیف) اس کے لیے سخت وعید آئی ہے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے جو قرآن الٹ کر پڑھتا ہے کیا خوف نہیں کرتا کہ اللہ اس کا دل الٹ دے اور بھول کر ہوتو نہ گناہ نہ سجدہ سہو لہذا بچوں کی آسانی کے لئے پارہ عم خلاف ترتیب قرآن مجید پڑھنا جائز ہے،،
(بہار شریعت حصہ 3 صفحہ 207)
واللہ اعلم بالصواب

کتبہ؛ محمد اشفاق عطاری 
 جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج مقام ہلکھوری ضلع مہوتری نیپال

•─────────────────────•
(محفل غلامان مصطفیٰﷺ گروپ)
•─────────────────────•