السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ پنج وقتہ نمازوں میں پہلی صف میں رہنا زیادہ ثواب ہے لیکن نماز جنازہ میں پچھلی صف میں رہنا زیادہ ثواب ہے ایسا کیوں ہے؟ بحوالہ مدلل ومفصل جواب عنایت فرمائیں۔
سائل: محمّد راشد رضا حلیمی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک والوہاب
نماز پنجگانہ میں اول صف کو فضیلت حاصل ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ﷲ عزوجل اور اس کے فرشتے سب سے پہلے اول صف پر رحمت بھیجتے ہیں پھر دوسری صف پر پھر تیسری صف پر اور نماز جنازہ میں اس کے بر عکس آخری صف کو فضیلت حاصل ہے ۔ اس کی تین وجہیں ہے:
پہلی وجہ یہ ہے کہ اس میں تعدد صفوف مطلوب ہے تو اگر صف اول کو فضیلت دی جاتی تو لوگوں کے کم ہونے کی صورت میں سب ایک ہی صف میں رہتے ، دوسری، تیسری صف نہ لگاتے لہذا صف اول کو فضیلت نہ دے کر آخری صف کو فضیلت دی گئی ۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ آخری صف والے تواضع وانکساری کے ساتھ میت کےحق میں شفاعت ومغفرت کی دعا کرتے ہیں اور ان کی شفاعت ومغفرت قبولیت کے زیادہ مناسب ہوتی ہے ۔
تیسری وجہ یہ ہے کہ میت کی نماز پڑھنا بظاہر عبادت اصنام سے مشابہ ہے لیکن اس کوحق ادائیگی مسلم کے لیے حسن قرار دیا گیا ۔ اور وہ صرف نماز جنازہ سے حاصل ہوجاتا ہے،
لہذا جس قدر میت سے دور رہے گا تشبہ بعبادۃ الاصنام سے دور رہے گا اس لیے بھی آخری صف کو فضیلت حاصل ہوتی ہے،
جیسا کہ نور الانوار صفحہ 51 اور نامی حاشیہ حسامی صفحہ 51 پر مرقوم ہے۔
ردالمحتار میں ہے :
(قولہ خیر صفوف الرجال أولھا) لانہ روی فی الاخبار " انﷲ تعالیٰ اذا انزل الرحمۃ علی الجماعت ینزلھا اولا علی الامام ثم تجاوز عنہ الی من بحذائہ فی الصف الاول ثم الی المیامن ثم الی المیاسر ثم الی الصف الثاني "اھ (جلد 1 ص 569 )
نیز اسی میں ہے:"
(قولہ فی غیر جنازۃ ) اما فیھا فاخرھا اظھار اللتواضع لأنھم شفعاء أحری بقبول شفاعتھم ولان المطلوب فیھا تعددالصفوف فلو فضل الاول امتنعوا عن التأخر عند قلتھم رحمتی " ( ج 1 ص 570 )
(فتاویٰ مرکز تربیت افتاء جلد اول باب الجماعت صفحہ 215)
واللہ ورسولہ اعلم عزوجل،صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
کتبہ؛ محمد گل رضا قادری رضوی
چتری ضلع سرہا نیپال مقیم حال مبارک پور اعظم گڑھ
منجاب؛ محفل غلامان مصطفیٰﷺگروپ
ہمیں فالو کریں