کیا فرماتے ہیں علماء کرام کہ 
شعبان المعظم کی فضیلت کیا ہے
المختصر تحریر فرمائیں
نیز،، اس مہینے میں کوئی ایسا عمل ہو جسے کرنے سے زیادہ ثواب ملےگا
علماء کرام رہنمائی فرمائیں؛؛ مہربانی ہوگی
سایٔل رہبر علی بلرامپور یوپی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک الوھاب
اس ماہ مبارک یعنی، ،شعبان المعظم، ،کی فضلیت میں شعبان المعظم کے باب میں حضور سیدنا سرکار غوث پاک رضی اللہ عنہ لکھتے ہیں، شعبان کے پانچ حروف ہیں ـ ش ـ ع ـ ب ـ ا ـ اور ن ـ آپ فرماتے ہیں ـ ش ـ سے شرف کی طرف اشارہ ہے ـ ع ـ سے علو یعنی بلندی مراد ہے ـ ب ـ سے بر یعنی نیکی مراد ہے ـ ا ـ سے الفت یعنی محبت مراد ہے ـ اور ن ـ سے نور یعنی روشنی مراد ہے ـ
آپ فرماتے ہیں، یہ وہ نعمتیں ہیں جو اللہ تبارک وتعالی اس مہینہ میں اپنے بندوں کو عطا فرماتا ہے ـ 
اور یہ وہ مہینہ ہے جس میں نیکیوں کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے ـ اور برکتیں نازل ہوتی ہیں ـ خطائیں معاف ہوتی ہیں ـ گناہوں کو مٹایا جاتا ہے اور حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم جو سب مخلوقات سے بہتر مخلوق ہیں، پر کثرت سے درود شریف بھیجا جاتا ہے ـ
شعبان المعظم شریف کے بارے میں احادیث مبارکہ میں تفصیل ملتی ہے ـ اگر ہمیں صحیح صحیح معلومات حاصل ہوں تو ہم بھی ان لوگوں کی طرح، جو اس ماہ مبارک کے فضائل سے اگاہ ہیں،  فوائد حاصل کرسکتے ہیں ـ
حضرت علامہ بدرالدین عینی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں 
اشتقاق شعبان من الشعب وھو الا جتماع سمی بہ لا نہ یتشعب فیہ خیر کثیر کر مضان وقبل لانھم کانوا یتشعبون فیہ بعد التفرقۃ ویجمع علی شعابین وشعبانات وقال ابن درید سمی بذلک لتشعبھم فیہ ای لتفرقھم فی طلب المیاہ ـ اھ 
شعبان شعب سے مشتق ہے اور یہ اجتماع کے معنی میں ہے چونکہ اس مہینے میں رمضان المبارک کی طرح خیرکثیر کا اجتماع ہوتا ہے ـ لہذا اسے شعبان المعظم کہا جاتا ہے اور بعض نے کہا ہے کہ لوگ اِدھر اُدھر متفرق ہوجانے کے بعد اس مہینے میں جمع ہوتے تھے، بنا بریں یہ مہینہ شعبان کہلاتا ہے ـ حضرت ابن درید علیہ الرحمہ کا کہنا ہے کہ لوگ اس مہینے میں پانی کی طلب میں ادھر ادھر پھیل جاتے تھے اس لیے اس مہینے کو شعبان کہا جاتا ہے ـ
عمدۃ القاری شرح بخاری جلد ۶جز۱۱صفحہ ۸۲
ایسا ہی شعبان المعظم کی فضیلت صفحہ ۵.  ۶ میں ہے  
اب رہی بات کی اس مہینے میں کوئی ایسا عمل ہو جس کو کرنے سے زیادہ ثواب ملے ـ تو حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ جب شعبان کی پندرہویں رات ہو تو اس رات کو قیام کرو اور دن میں روزہ رکھو ـ

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 
کتبہ؛ محمد مشاہدرضا قادری رضوی انٹیاتھوک بازار ضلع گونڈہ یوپی