محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا دعویٰ کرنے والے تو بہت لوگ ہیں - مگر یاد رکھئے کہ اس کی چند نشانیاں ہیں جن کو دیکھ کر اس بات کی پہچان ہوتی ہے کہ واقعی اس کے دل میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا چراغ روشن ہے - ان علامتوں میں سے چند یہ ہیں -
(1) حضور اقدس سیدالانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال وافعال کی پیروی کرنا -
(2) حضور اقدس نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرنا -
(3) حضور اقدس رسولِ اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے اوامرونواہی کی فرماں برداری غرض شریعتِ مطہرہ پر پورے طور سے عامل ہوجانا -
(4) حضور اقدس خاتم الانبیاء وآخرالمرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا ذکر شریف کثرت سے کرنا -
(5) حضور اقدس رحمتِ تمام صلی اللہ علیہ وسلم پر بہت زیادہ درود شریف پڑھنا -
(6) حضور اقدس سید کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ذکر کی مجالسِ مقدسہ مثلاً میلاد شریف اور دینی جلسوں کا شوق اور ان مجالس مبارکہ میں حاضری -
(7) حضور اقدس شفیعِ معظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم اور ان تمام لوگوں اور ان چیزوں سے محبت اور ان کا ادب واحترام جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نسبت وتعلق حاصل ہے - مثلاً صحابۂ کرام ازواج مطہرات اہل بیت اطہار شہر مدینہ قبر انور مسجد نبوی شریف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آثار شریفہ ومشاہد مقدسہ قرآن مجید واحادیث مبارکہ سب کی تعظیم وتوقیر اور ان کا ادب واحترام کرنا -
(8) حضور اقدس رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دوستوں سے دوستی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمنوں یعنی بددینوں بدمذہبوں سے دشمنی رکھنا -
(9) دنیا سے بے رغبتی اور فقیری کو مالداری سے بہتر سمجھنا اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ مجھ سے محبت کرنے والے کی طرف فقروفاقہ اس سے بھی زیادہ جلدی پہنچتا ہے جیسے کہ پانی کا سیلاب اپنے منتہیٰ کی طرف -
ازقلم : ابوحامد محمد شریف الحق رضوی ارشدی مدنی
کٹیہاری امام وخطیب نوری رضوی جامع مسجد وخادم دارالعلوم نوریہ رضویہ رسول گنج عرف کوئلی ضلع سیتامڑھی بہار الھند
ہمیں فالو کریں