السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اہل بیت میں کون کون لوگ شامل ہیں کیا حضور ﷺ کی ازواج بھی اہل بیت میں شامل ہیں؟ برائے کرم بحوالہ جواب عنایت فرمائیں ۔ 
السائل،،، محمّد عبد العزیز رضا گورکھپوری، 

 وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
 الجواب بعون الملک الوھاب 
آپ سب سے پہلے یہ جان لیں کہ عام طور پر اہل بیت کا اطلاق حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن، اور حضرت حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہم اجمعین پر مشہور ہے، جیساکہ حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی بخاری رحمۃ اللّٰہ الباری تحریر فرماتے ہیں کہ "اطلاق اہل بیت بریں چہار تن پاک شائع و مشہور ست" (بحوالہ اشعۃ اللمعات جلد رابع صفحہ ۶۸۱) لیکن اہل بیت کے معنی کی تعیین میں علماء کرام کے اقوال مختلف ہیں، اور صحیح قول یہ ہے کہ اہل بیت میں ازواج مطہرات بھی داخل ہیں، جیساکہ صدر الافاضل رحمۃ اللہ علیہ تفسیر خزائن العرفان میں آیۃ کریمہ "انما یریداللّٰه لیذھب عنکم الرجس اھل البیت الخ" کی تفسیر میں تحریر فرماتے ہیں کہ اہل بیت میں نبی کریم صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات اور حضرت خاتون جنت فاطمہ زہراء اور علی مرتضیٰ اور حسنین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین سب داخل ہیں آیات اور احادیث کے جمع کرنے سے یہی نتیجہ نکلتا ہے اور یہی حضرت امام ابو منصور ماتریدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے منقول ہے، اھ 
 (فتاویٰ فیض الرسول جلد دوم صفحہ ۶۵۲)
 لہٰذا مذکورہ بالا حوالہ جات سے یہ صاف روشن ہوگیا کہ اہل بیت اطہار میں حضور ﷺ کی ازواج مطہرات بھی شامل ہیں ۔ اور مزید معلومات کے لیے حضور فقیہ ملت علیہ الرحمہ کی تصنیف کردہ کتاب بنام خطبات محرم کا مطالعہ کریں ۔ 

واللہ تعالیٰ ورسولہﷺاعلم بالصواب
  کتبہ؛ مولانا محمّد مکّی رضا خان قادری 
نظامی مہسوتھوی سیتامڑھی بہار 

  منجانب؛ محفل غلامان مصطفیٰ ﷺ گروپ